(فہد بھٹی)ڈیفنس میں قتل ہونیوالی پاکستانی نژاد مائرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی ہے۔
پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے منہ اور گردن پر دو فائر مارے گئے ، مقتولہ مائرہ کی گردن پر پھندے کا نشان بھی پایا گیا،مائرہ کے دونوں ہاتھوں پر خراشیں اور منہ پر گولی لگنے سے دانت بھی ٹوٹے ہوئے تھے،مقتولہ کے بال کھنچنے سے سر پر بھی سوجن پائی گئی،کپڑوں سے سر کے ٹوٹے ہوئے بال بھی ملے تاہم مقتولہ سے زیادتی کےشواہد نہیں ملے۔
دوسری جانب برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق سی آئی اے کینٹ نے مقدمے میں نامزد ملزم سعد امیر بٹ اور اقرا ہمدانی کو حراست میں لے لیا ہے۔ملزم سعد نے قبل از گرفتاری ضمانت کروا رکھی تھی ،ملزم دو روز قبل سیاسی شخصیت کے ذریعے شاملِ تفتیش ہوا تھا ۔ملزم پولیس کو دئیے گئے اپنے بیان میں مائرہ کو قتل کرنے سے انکار کر چکا ہے ۔ادھر مقتولہ کی دوست بھی شاملِ تفتیش تھی جسے گزشتہ رات حراست میں لے لیا گیا۔ اقرا ہمدانی ہی مقتولہ کے ساتھ مقیم تھی اور قتل کی رات اسی گھر میں تھی۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں 3 مئی کو قتل ہو نےوالی مائرہ لندن میں قانون کی طالبہ تھی، وہ ملازمت کے لیے پہلے لندن سے دبئی اور پھر لاہور منتقل ہوئی جہاں اس کے کلاس فیلو ظاہر جدون نے جعلی نکاح نامے پر اسے کرائےکا مکان لےکر دیاجس گھر میں مائرہ قتل ہوئی اس کی بالائی منزل پر رہنے والی دوسری لڑکی اقرا بینک میں کام کرتی ہے، مائرہ کی اقرا سے دوستی فیس بک پر ہوئی تھی دونوں کرایہ شیئر کرتی تھیں، پولیس کے مطابق مائرہ کےکمرے سے منشیات بھی برآمد ہوئی تھی۔