قذافی بٹ : پنجاب کابینہ کے اراکین کی کارکردگی کا معاملہ،خراب کارکردگی والے وزراء سے صرف قلمدان واپس لینا ہیں یا انہیں ایک اور موقع فراہم کرنا ہے، فیصلہ عید کے بعد ہوگا۔
پنجاب کابینہ کے اندر عید کے بعد تبدیلیاں کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں خراب کارکردگی والے وزراء کو ایک موقع اور دینا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم سے مشاورت سے کریں گے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ زیادہ امکانات اسی بات کے ہیں کہ کابینہ میں نئے اراکین کو موقع دیا جائے گا جبکہ 5 وزراء کے سر پر تلوار لٹک رہی ہے اور انہوں نے اپنی وزارتیں بچانے کیلئے دوڑ دھوپ شروع کردی ہے ، وزراء نے اپنے اپنے محکموں کو رپورٹس کی تیاری کے احکامات دے دیئے، کارکردگی رپورٹس عید کے فوراً بعد وزیراعلیٰ کو پیش کریں گے۔
یاد رہے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں اور کئی وفاقی وزرا بشمول مخدوم خسرو بختیار اور حماد اظہر کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار سے ان کا قلمدان واپس لے کر سید فخر امام کو دے دیا گیا ہے۔حماد اظہر جو اب تک وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور تھے، انھیں وزارتِ صنعت و پیداوار دے دی گئی ہے جبکہ حماد اظہر کا اقتصادی امور کا قلمدان اب خسرو بختیار کو دے دیا گیا ہے۔
سیکریٹری وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی ہاشم پوپلزئی کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ عمر حمید کو سیکریٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔اس کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو گھر بھیج کر سابق فوجی کو ان کی جگہ تعینات کردیا گیا جبکہ شبلی فراز کو وزیر اطلاعات لگا دیا گیا۔صوبائی کابینہ میں تبدیلی کا معاملہ کافی عرصے سے زیر غور ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان عید کے بعد فیصلہ کرنے جارہے ہیں۔