سندھ ہاؤس  پر حملے کا جواب۔۔ پیپلز پارٹی کا خیبرپختونخوا حکومت جلد گرانے کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلزپارٹی
کیپشن: Pakistan Tehreek e Insaf, Pakistan Peoples Party
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  پیپلز پارٹی نے اسلام آباد میں سندھ ہاؤس حملے کے ردعمل میں خیبرپختونخوا حکومت گرانے کا دعوی کردیا  ہے ۔ صدر پیپلزپارٹی کے پی کے کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 45 ایم پی ایز ہم سے رابطے میں ہیں۔

پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان نے لواری ہاؤس دیر بالا میں پریس کانفرنس کی اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری شجاع خان اور سیکریٹری اطلاعات امجد آفریدی بھی موجود تھے۔ نجم الدین نے انکشاف کیا کہ  خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 45 ارکان ہم سے رابطے میں ہیں اور مرکز کے بعد صوبے میں بھی جلد عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے۔ اپوزیشن ایک پیج پر ہے اور ہم نے نااہل حکومت سے قوم کو نجات دلانے کے لیے کمر کس لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملے پر ریاستی اداروں کی خاموشی کو افسوس ناک اور معنی خیز قرار دیا اور کہا کہ خدانخواستہ یہ خاموشی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنان اور کرم فرما کھول کر سن لیں، جیالے اینٹ کا جواب پتھر سے دینا خوب جانتے ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکنوں  نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔

نجم الدین خان نے کہا کہ عدلیہ، مقننہ، انتظامیہ اور میڈیا کسی خاص جماعت کے آلہ کار بننے کے بجائے اپنی قومی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کریں، اگر ذمہ دار افراد نشانہ عبرت نہ بنے تو جو آج سندھ کے ساتھ ہوا یہ کل ریاست کی کسی بھی اکائی کے ساتھ ہوسکتا ہے۔

Muhammad Zeeshan

Senior Copy Editor