نبیل ملک: خریدادی کی غرض سے لاہور آنے والے مسافر سے زندگی دھوکہ کر گئی، واپسی کی ٹرین پکڑنے سے پہلے ہی زندگی کی ٹرین سے ساتھ چھوڑ دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق لاہور سے پتوکی جانے والا مسافر اچانک دل کا دورہ پڑنے پر گر گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لاہور ریلوے اسٹیشن پر انتقال کر گیا۔ ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیلتھ سٹاف کے مطابق ہلہ روڈ پتوکی کا رہائشی تاجر امجد جاوید جیولری خریدنے جمعہ کی صبح شاہ عالم مارکیٹ آیا۔ مال ضرورت خریدنے کے بعد جیسے ہی وہ پتوکی واپسی کے لیئے ریلوے اسٹیشن پہنچا تو پلیٹ فارم پر کھڑی ٹرین میں سوار ھونے سے چند لمحے قبل ھی اس کے سینے میں تکلیف شروع ہو گئی اور وہ نیچے گر گیا۔
پاس موجود شہریوں نے طبی عملے کو امداد کے لیئے طلب کیا لیکن امجد جاوید کے سانس پہلے ہی ختم ہو چکے تھے۔ ریلوے پولیس نے متوفی امجد جاوید کے اہلخانہ کو پتوکی اطلاع پہنچا کر لاہور بلوایا اور ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
مسافر کی یوں اچانک موت سے ریلوے اسٹیشن کی فضا سوگوار ہو گئی اور پلیٹ فارم پر موجود غمزدہ مسافر ایک دوسرے کو تسلیاں دیتے رہے۔
دوسری جانب طیاروں کی کمی اور متعدد فنی خرابیوں کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر 16 پروازیں متاثر رہیں۔ ایئرپورٹ فلائیٹ انکوائری کے مطابق پی آئی اے کی جدہ جانے والی پرواز پی کے 9759 ،دمام جانے والی پرواز پی کے 9245 کو مسافروں کے بغیر سعودی عرب روانہ کیا گیا۔جہاز دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز پی کے 203 ، پی آئی اے کی دبئی سے آنے والی پرواز پی کے 204 ، ناس ایئر کی ریاض سے آنے والی پرواز 317 ، ناس ایئر کی ریاض جانے والی پرواز 318 ، ایئربلیو کی دبئی جانے والی پرواز 410 ، ایئربلیو کی دبئی سے آنے والی پرواز 411 ، کویت ایئر کی کویت سے آنے والی پرواز 203 اور کویت ایئر کی کویت جانے والی پرواز 204 کومنسوخ کر دیا گیا۔
متعدد فنی خرابیوں کے باعث ائیربلیو کی ابوظہبی جانے والی پرواز 430 دس گھنٹے، اتحاد ایئر کی ابوظہبی سے آنے والی پرواز 243 ساڑھے 3 گھنٹے، اتحاد ایئر کی ابوظہبی جانے والی پرواز 242 ساڑھے 3 گھنٹے، امارات ایئر کی دبئی جانے والی پرواز 623 پچاس منٹ، قطر ایئر کی دوحہ جانے والی پرواز 621 پندرہ منٹ، امارات ایئر کی دبئی سے آنے والی پرواز 624 دس منٹ اور ایئربلیو کی ابوظہبی سے آنے والی پرواز 431 دس منٹ لیٹ پہنچی۔