فنڈز کے نام پر طلبا سے اضافی وصولیوں کا انکشاف

فنڈز کے نام پر طلبا سے اضافی وصولیوں کا انکشاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: کوئین میری کالج کی جانب سے کالج فنڈز کے نام پر طلبہ سے اضافی وصولیوں کا انکشاف، طلبہ سے اضافی رقم کی وصولی پر آڈیٹر جنرل نے کوئین میری کالج پر آڈٹ پیرا بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق کوئین میری کالج نے مالی سال 2018-19 میں 1 کروڑ 70 لاکھ روپے کی رقم طلبہ سے وصول کی۔ پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مقررکردہ کالج فنڈز سے ہٹ کر اضافی رقم طلبا سے لی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کوئین میری کالج انتظامیہ نے کالج فنڈز کے نام پر طلبہ پر اضافی بوجھ ڈالا۔

کوئین میری کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کالج نے طلبا سے کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیے، انتظامیہ کے مطابق بورڈ آف گورنر کی منظوری کے بعد یہ چارجز وصول کیے گئے تھے جبکہ کوئین میری کالج ایک اٹانومس باڈی ہے اور ان کا اپنا بورڈ آف گورنر ہے۔

 انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کالج فنڈز کے نام پر لی گئی رقم سے طلبا پر کوئی اضافی چارجز نہیں ڈالے گئے جبکہ آڈٹ کے دوران آنے والے آفیسرز کو بھی یہی جواب دیا گیا تھا۔  

دوسری جانب ڈاکٹر نوید احمد ایمرسن کو ملتان یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کر دیا گیا ہے۔گورنر پنجاب نے پروفیسر نوید احمد ایمرسن کو چھ مہینوں کیلئے وائس چانسلر تعینات کیا ہے۔ ڈاکٹر نوید احمد بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں شعبہ انگریزی کے چیئرمین ہیں۔ مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک وائس چانسلر رہیں گے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے ڈاکٹر نوید احمد کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے۔