قیصر کھوکھر: بجٹ کی تیاری میں دن رات ایک کرنےوالے ملازمین کیلئے خوشخبری،محکمہ خزانہ کے ملازمین اور افسران کیلئے بجٹ کے دنوں میں کام کرنے کا اعزاز یہ منظور کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ کی تیاری میں دن رات ایک کرنیوالے محکمہ خزانہ کے ملازمین کیلئے خوشخبری سامنے آئی ہے۔ ملازمین اور افسران کیلئے بجٹ کے دنوں میں کام کرنے کا اعزاز یہ منظور کرلیاگیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے بجٹ ونگ کے ملازمین اور افسران کو ایک بنیادی تنخواہ بطور اعزاز یہ ملے گی۔ محکمہ خزانہ بجٹ ونگ کے ملازمین اور افسران نے بجٹ کے دنوں میں دن رات کام کیا تھا۔
دوسری جانب ایک طرف تو حکومت پنجاب کا دعویٰ ہے کہ لاہور کو نئے مالی سال کے بجٹ میں 28 ارب روپے دیئے جارہے ہیں لیکن دوسری جانب لاہور کو عالمی معیار کے مطابق خوبصورت بنانے کیلئے آئندہ بجٹ میں دلکش لاہور کے نام پر پروگرام کیلئے صرف 50 لاکھ روپے ملیں گے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق دلکش لاہور کے نام سے بجٹ میں پروگرام شامل مگر فنڈ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے۔
محکمہ بلدیات نے لاہور کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے 50 کروڑ کا تخمینہ لگایا تھا لیکن نئے بجٹ میں صرف 50 لاکھ روپے ملیں گے جبکہ تونسہ شریف پر ابتک خوبصورتی کیلئے 50 کروڑ روپے خرچ بھی کیے جاچکے ہیں۔