پیپلز پارٹی نے سابق کارکنوں اور رہنماؤں کیلئے دروازے کھول دئیے

پیپلز پارٹی نے سابق کارکنوں اور رہنماؤں کیلئے دروازے کھول دئیے
کیپشن: Asif Zardari / Bilawal Bhutto
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان  پیپلز پارٹی نے  سابق کارکنوں اور رہنماؤں کے لئے اپنے دروازے کھول دئیے۔

 پیپلز پارٹی کےشریک چیرمین آصف علی زرداری لاہورپہنچ  گئے،سابق صدر آصف علی زرداری لاہور میں معروف کارڈیالوجسٹ سے طبی معائنہ کروائیں گے۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری صوبائی دارالحکومت میں اپنے قیام کے دوران سیاسی اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، آصف علی زرداری کے دورہ لاہور کے دوران کئی سیاسی شخصیات کا بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔

2013 کے انتخابات سے پہلے  جب چاروں صوبوں کے روایتی سیاست دانوں نے جوق در جوق پی ٹی آئی اور نون لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی  ایک اندازے کے مطابق نون لیگ نے سو سے زائد ایسے روایتی سیاست دانوں کو 2013  کے انتخابات سے پہلے اور بعد میں اپنی صفوں میں جگہ دی، جو ماضی میں پرویز مشرف اور ق لیگ کے ساتھ رہ چکے تھے۔ پی پی پی کے کئی نامور رہنما جیسے کہ شاہ محمود قریشی، فردوس عاشق اعوان، بابر اعوان، صمصام بخاری اور نذر محمد گوندل پی ٹی آئی میں شامل ہو ئے۔

اس کے علاوہ عمران خان کی پارٹی نے نون لیگ کے رہنما محمد سرور سمیت کئی اور نامی گرامی افراد کو بھی اپنی طرف کھینچ لیا۔ کراچی میں یہ عمل پاک سرزمین پارٹی کی تشکیل کے بعد سے شروع ہوا۔ اس پارٹی نے اب تک ایم کیو ایم کے درجن بھر سے زائد اراکینِ سندھ اور قومی اسمبلی کو اپنی طرف کھینچ لیا ۔ تاہم اس وقت پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین گروپ کے بعد ایک اور گروپ بھی سامنے آ چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کا اس ہم خیال گروپ میں 15 اراکین جن میں سردار شہاب الدین خان، ملک غضنفر عباس چھینہ، سردار محی الدین خان کھوسہ، عامر عنایت خان شاہانی، اعجاز سلطان بندیشہ، نواب علی رضا خان خاکوانی، تیمور امجد لالی، بلال اصغر وڑائچ، کرنل ریٹائرڈ غضنفر علی شاہ، اعجاز خان جازی، فیصل فاروق چیمہ، گلریز افضل چن، علی اصغر خان لاہڑی، احسن جہانگیر بھٹی سمیت دیگر ارکان اسمبلی شامل ہیں ۔

ذرائع کے مطابق ان دونوں گروپس کے کچھ ارکان اسمبلی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں جس سے پنجاب میں پیپلز پارٹی  کی نشاہ ثانیہ کا آغاز کہا جاسکتاہے ۔ ان ارکان کی پارٹی میں شمولیت بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی اور اگلے ایک سال کے اندر اندر سنٹرل پنجاب سے بھی الیکٹرایبلز پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer