'پہلے دن سے کہا سائفر سابق وزیراعظم کی سازش ہے'

'پہلے دن سے کہا سائفر سابق وزیراعظم کی سازش ہے'
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے اعظم خان کے بیان کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف چارج شیٹ قرار دے دیا۔

 ایک بیان میں شیری رحمان  نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں سائفر سابق وزیر اعظم کی من گھڑت سازش ہے، انہوں نے اپنے چھوٹے سیاسی مقاصد کی خاطر ملکی سفارتی تعلقات کو داؤ پر لگایا اور پاکستان کیلئے سفارتی بحران پیدا کیے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ کیا ملک کے سب سے بڑے عہدے پر بیٹھ کر ان کو ملک کے خلاف سازشیں گھڑنی چاہیے تھیں؟ جھوٹا بیانیہ بنانے والے دوسروں پر ملک دشمنی کا فتویٰ لگاتے رہے، سائفر نہیں بلکہ سائفر کے نام پر بیانیہ سازش تھی۔

واضح رہے کہ کئی دن سے لاپتہ سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق بیان عدالت میں ریکارڈ کروادیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیرا عظم کے پرنسپل سیکریٹری نے اپنا بیان 164 کے تحت مجسٹریٹ کو ریکارڈ کروایا ہے، اعظم خان نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف بیان ریکارڈ کروایا ہے۔

ذرائع کے مطابق بیان میں اعظم خان نے سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے سائفر ڈرامہ رچایا گیا، اعظم خان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام تر حقائق کو چھپا کر سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کیلئے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا گیا۔

Ansa Awais

Content Writer