(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نےآئندہ 2 روز کے دوران کراچی میں اور آج رات کو لاہور میں بارش کا امکان ظاہر کردیا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ عمان کی جانب بڑھ گیا ہے، دادو اور قمبر شہداد کوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آج بارش ہوسکتی ہے جبکہ ساحلی شہروں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر حصوں میں آج موسم خشک رہے گا جبکہ آئندہ 2 روز کے دوران کراچی میں موسم ابر آلود، ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، کراچی میں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا اور سمندی ہوائیں بھی بحال رہے گی۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہےکہ لاہور میں آئندہ24 گھنٹوں کے دوران بارش کا 30 فیصد امکان ہے، شہر میں 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہے، مجموعی طور پر ائیر کوالٹی انڈیکس کی شرح 153 ریکارڈ کی گئی۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے 24 سے 26 جولائی کے دوران جامشورو، میرپورخاص، لاڑکانہ ، سکھر اوربینظیر آباد میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے، موسلا دھار بارشوں کے باعث پنجاب اورسندھ کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے، موسلا دھار بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔