قیصر کھوکھر: اراکین اسمبلی کی خوشی کیلئے میرٹ پر سمجھوتہ کرلیا گیا، ٹرانسفر پوسٹنگ کے تمام اختیارات وزیر اعلی نے اپنے پاس رکھ لئے، چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری اب کوئی تبادلہ نہیں کر سکیں گے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے گزشتہ دنوں اسسٹنٹ کمشنرز اراکین اسمبلی کی سفارش کی بجائے میرٹ پر لگا دیئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق ٹرانسفر پوسٹنگ کے تمام اختیارات وزیر اعلٰی کے پاس چلے گئے ہیں۔ محکمہ سروسز اب سمری بھیج کر منظوری کے بعد تبادلے کرے گا، چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے چند افسران کو اراکین اسمبلی کی سفارش کے بغیر فیلڈ میں تعینات کر دیا تھا۔ ایوان وزیراعلی نے ایم پی اے اور ایم این اے کو خوش کرنے کیلئے تمام تبادلوں کے اختیارات اپنے پاس لے لئے ہیں۔ چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری اب کوئی تبادلہ نہیں کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اراکان اسمبلی کو خوش کرنے کے لیے تبادلوں کے اختیارات اپنے پاس لئے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے گزشتہ دنوں اے سی اراکین اسمبلی کی سفارش کی بجائے میرٹ پر لگائے تھے، اراکین اسمبلی نے وزیر اعلی کو باقاعدہ شکایت کی جبکہ تبادلوں کے تمام کام اب اراکین اسمبلی کی سفارشات پر وزیر اعلیٰ پنجاب کریں گے۔
واضح رہے وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ہر قسم تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ ایوان وزیر اعلیٰ سے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہر قسم کے تقررو تبادلوں پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ پنجاب حکومت صرف خالی آسامیوں پر تقرری کرسکے گی۔