شہری حدود میں مویشیوں کی خریدو فروخت کرنیوالوں کی شامت، وزیراعلیٰ نے بڑا حکم دیدیا

شہری حدود میں مویشیوں کی خریدو فروخت کرنیوالوں کی شامت، وزیراعلیٰ نے بڑا حکم دیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ پر کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل کرنا ضروری ہے، اللہ کے فضل، حکومت کی مخلصانہ کاوشوں اورعوام کے تعاون سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی ہے، عوام کو عید الاضحیٰ پراحتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیئے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا پر منفی سیاست کر کے قوم کو تقسیم کر نے کی ناکام کوشش کی، پاکستانی قوم منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کا میاب ثابت ہوئی ہے، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصرکو اب چپ کا روزہ رکھ لینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے کورونا وباء  میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا، اپوزیشن رہنما مشکل کی گھڑی میں عوام کو اکیلا چھوڑ کر صرف بیان داغنے تک محدود رہے،  کورونا نے پوری دنیا میں سیاسی، سماجی اور معاشی تبدیلیاں برپا کی ہیں۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مویشیوں کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، انتظامیہ اور پولیس شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت ہر صورت بند کرائے اور کورونا کے باعث عیدالاضحیٰ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، انتظامیہ اور پولیس کے افسران خود فیلڈ میں نکل کر صورتحال کا جائزہ لیں، ایس او پیز پر عملدرآمد شہریوں کے مفاد میں ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، پنجاب میں اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 89465 ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے 65009 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، پنجاب میں اب تک 634246 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کی تعداد 2546 ہے جن میں 2240 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس خالی ہیں، پنجاب میں 600 آئی سی یو ز میں 507 خالی ہیں جبکہ لاہور میں 508 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس میں 442 خالی ہیں اور لاہور میں 210 آئی سی یوز میں سے 166 خالی ہیں۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کیے ہیں، عیدالاضحیٰ پر بھی ایس او پیز پر عملدآمد یقینی بنانا ہوگا، عوام سے ایک بار پھر اپیل ہے کہ وہ سادگی سے عید منائیں اور قربانی کرتے وقت حفاظتی تدابیر اختیار کریں، گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کر کے شہری خود کو اور دوسروں کو کورونا سے بچائیں۔ عوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابوپایا جا سکے گا۔میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات، سمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج اور مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری انفراسٹرکچر، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے شرکت کی۔

Sughra Afzal

Content Writer