(قیصر کھوکھر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام کی بڑی مشکل آسان کردی، اب ووٹرز صرف ایک ایس ایم ایس سے اپنے حلقے اور پولنگ اسٹیشن کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
سٹی 42 کے مطابق الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشن کی معلومات بذریعہ ایس ایم ایس دینے کی سہولت کا آغاز کر دیا۔ شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8300 پر ایس ایم ایس بھیج کر اپنے ووٹ، حلقہ قومی اسمبلی، حلقہ صوبائی اسمبلی اور پولنگ اسٹیشن کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور شہر میں کل 3885 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 750 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں۔محکمہ داخلہ کے مطابق ہر حساس پولنگ اسٹیشن پر پولیس کے 8 جوان جبکہ بی کیٹیگری اور سی کیٹیگری کے پولنگ اسٹیشن پر 4 جوان ڈیوٹی دیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو سب سے بڑا انتخابی دنگل سجے گا جس کو جیتنے کیلئے تمام پارٹیاں سر دھڑ کی بازی لگانے کو تیار ہیں۔الیکشن کمیشن کی عام انتخابات کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔