ویب ڈیسک:سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ 2 روپے 20 پیسے سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) میں درخواست دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دسمبر میں 8 ارب 41 کروڑ یونٹ بجلی بنائی گئی جبکہ 8 ارب 9 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی۔سی پی پی اے نے درخواست میں کہا ہے کہ دسمبر میں پانی سے 20.44 اور کوئلے سے 18.07 فیصد، فرنس آئل سے 0.46، گیس سے 15.13 فیصد، ایل این جی سے 13.71 فیصد، جوہری ایندھن سے 27.15 فیصد بجلی بنائی گئی۔
نیپرا کو دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ دسمبر میں فیول سے فی یونٹ بجلی پر لاگت کا تخمینہ اوسطاً 9 روپے 31 پیسے تھا، جبکہ بجلی کی مجموعی پیداواری لاگت 7 روپے 11 پیسے فی یونٹ رہی ہے۔ نیپرا میں سی پی پی اے کی بجلی 2 روپے 20 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی سماعت 30 جنوری کو ہو گی۔