کراچی کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ہسپتال میں غیرمعمولی بچے کی پیدائش ہوئی ہے، بچے کی دونوں ٹانگیں جڑی ہوئی ہیں، اورڈاکٹرز کے مطابق بچہ کا علاج کافی مشکل ہے۔
جل پری قصے کہانیوں کا وہ کردار جسے کبھی حقیقت میں میں نہیں دیکھا گیا، کراچی انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ہسپتال میں حیرت انگیز طور پرجل پری نما شکل میں بچے کی پیدائش ہوئی۔ جل پری نما شکل میں بچے کی پیدائش اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والا جوڑے کے ہاں ہوئی۔
ڈاکٹر محبوب علی کا کہنا ہے کہ بچے کا جل پری نما پیدائش کا کیس سیرینو میلیا نامی بیماری ہے، اس بیماری کو مرمیڈ سینڈروم بھی کہا جاتا ہے۔اس بیماری سے متاثرہ بچوں میں اوپر کا جسم نارمل انسان کی طرح مگر نچلا حصہ مچھلی کی طرح کا ہوتا ہے۔
ڈاکٹر محبوب نے بتایا کہ پیدا ہونے والے بچے کا مثانہ نہیں ہے، جگر و دیگر اعضاء کا سائز بھی چھوٹا ہے، بیماری کے باعث دونوں ٹانگیں جڑی ہیں جو مچھلی کی دم کی طرح دکھتی ہیں۔عموماً اس کنڈیشن کے بچے بہت کم پیدا ہوتے ہیں، پوری دنیا میں اس طرح کے تین سو کیس سامنے آئے ہیں۔
یہ مرض ایک لاکھ حاملہ خواتین میں سے کسی ایک کے پیٹ میں موجود بچے کو لاحق ہوتا ہے، اس طرح کے مرض کے متاثرہ بچوں کا چند گھنٹوں میں ہی موت واقع ہوجاتی ہے۔