حکومت نے وکلاء کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا

حکومت نے وکلاء کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سعود بٹ: شہر میں ضلعی کچہریوں کے حوالے سے محکمہ بورڈ آف ریونیو کا اہم اقدام، کچہریوں میں سرکاری اراضی پر وکلاء کے قبضہ شدہ چیمبرز کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے سفارشات تیار کرلیں۔

محکمہ بورڈ آف ریونیو ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کی کچہریوں میں وکلاء کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق چیمبرز فروخت کیے جائیں گے، چیمبر نہ خریدنے والے وکلاء سے سرکاری اراضی واگزار کروانے کے حوالے سے بھی پالیسی تیار کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ بورڈ آف ریونیو نے آئندہ فل بورڈ میٹنگ میں بحث کیلئے ایجنڈا شامل کرلیا ہے۔

سرکاری اراضی پر وکلاء چیمبرز کو قابل فروخت بنانے کی پالیسی پر وکلاء کا کہنا ہے کہ چیمبرز کو قانونی حیثیت دینا خوش آئند ہے، ان کا کہنا تھا کہ وکالت کے پیشے کو کسی قسم کی سرکاری سہولیات نہیں دی جاتیں، حکومت کو چاہیے کہ وکلاء سے سرکاری اراضی کی قیمت وصول نہ کی جائے۔

بورڈ آف ریونیو ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کی ضلع کچہریوں میں سرکاری اراضی باقاعدہ نقشہ کے مطابق قابل فروخت بنائی جائے گی۔ سرکاری اراضی پر وکلاء چیمبرز کی پالیسی کے حوالے سے بورڈ آف ریونیو تو متحرک ہے لیکن وکلاء اس پر قیمت ادا کرنے کو تیار نہیں۔

 اب دیکھنا یہ ہے کی پالیسی صرف کاغذی کارروائی تک محدود رہتی ہے یا اس پر باقاعدہ عملدرآمد ہوتا ہے۔