(سعید احمد سعید) لاہور سے جدہ جانے والی سعودی پرواز میں مسافروں اور عملے میں بحث و تکرار ہوگئی، مسافروں اور عملے نے ایک دوسرے پر سخت جملے کسے جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق مسافروں کی پریشانیوں میں اضافہ ختم ہونے کی بجائے بڑھ رہا ہے، لاہور سے جدہ جانیوالی پرواز ایس وی 733 چار گھنٹے کی تاخیر کے بعد منسوخ ہوگئی، طیارے سے اُتارنے پر مسافروں نے سعودی ائیرلائن کیخلاف احتجاج کیا، مسافروں اور عملے میں تلخ کلامی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی،فوٹیج میں مسافروں کو پرواز میں تاخیرپر جھگڑا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
عینی شاہد ین کا کہناتھا کہ جدہ جانے والے مسافر رات 9 بجے کے آئے ہوئے ہیں،انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ جدہ جانے والی پرواز صبح5 بجے روانہ ہوگی،اعلان کے باوجود فلائٹ کو کینسل کردیا گیا، جدہ جانے والے مسافروں میں حجاج اکرام،خواتین اور بزرگ موجود ہیں۔
ذرائع کا کہناتھا کہ فلائٹ پہلے ہی دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار تھی، دوردراز کے علاقوں سے مسافروں کا کہناتھا کہ وہ کل سے ایئرپورٹ پر بیٹھے پرواز کاانتظار کررہے تھے، اب انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ جدہ جانے والی پرواز کینسل کردی گئی، ہماری تذلیل کی جارہی ہے۔