قذافی بٹ: زینب کے قتل کے ملزمان ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود گرفتار نہ ہونے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔
قرارداد رکن پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے جمع کرائی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ زینب کے قتل کے ملزمان کا تاحال گرفتار نہ ہونا حکومت اور پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صوبہ بھر میں بچوں اور بچیوں کے اغواء ، زیادتی اور قتل کے واقعات تھم نہیں سکے، محکمہ پولیس کی بروقت کارروائی نہ ہونے اور سزا نہ ملنے سےملزم آزاد گھوم رہے ہیں۔ حکومت اور پولیس اغواء اور قتل جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بچوں کے اغواء،زیادتی اور قتل جیسے واقعات کے پیش نظر دہشت گردی اور فیملی کورٹس کی طرح الگ عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے ، حکومت اور پولیس اغواء اور قتل جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کرے ۔