(علی اکبر، جنید ریاض ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے (ق) لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پرویزالٰہی کے دور کے تمام میگا پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے۔ حکومت پنجاب نے لاہور میں 11 سال بعد النہیان سنٹر کا تعمیراتی کام شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے اپنی اتحادی جماعت کے تمام تحفظات دور کردئیے گئے۔ وزیر اعلی کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ ایم پی ایز کو فنڈ کے اجراء اور بند کیے گئے میگا پراجیکٹس فوری شروع کیے جائیں گے۔ سب سے پہلے النہیان سنٹر پر کام بحال کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوسکیں۔ چولستان میں غریب گھرانوں کو ایک ایک سولر پینل فری فراہم کیا جائے گا۔ جس سے دو پنکھے اور بلب چل سکے گا۔ ملاقات میں ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی، چودھری سالک حسین، چودھری حسین الٰہی اور چودھری راسخ الٰہی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ ق کے رہنما حافظ عمار یاسر نے اپنا استعفیٰ بطور صوبائی وزیر معدنیات واپس لے لیا۔
علاوہ ازیں ارکان اسمبلی راجہ ریاض، رضا نصراللہ اورفیض اللہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنا اصل مقام حاصل کرے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر عرصے میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے متعدد اقدامات کیے۔ عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں، دوست ملکوں نے وزیراعظم کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سرمایہ کاری کا تاریخ ساز پیکیج پاکستان کے لئے بے مثال تحفہ ہے۔