وزیراعلیٰ کا دوسرا الٹی میٹم بھی ختم، تجاوزات کرنے والے ٹس سے مس نہیں ہوئے

Chief Minister Mohsin naqvi, CM Punjab, Encroachments in bazars. Encroachments, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  پنجاب حکومت کا تجاوزات کے خاتمے کے لیے دیا گیا  پہلاالٹی میٹم ختم گیا، لاہور میں عادی تجاوزات کرنے کے عادی پرانے کھلاڑی ٹس سے مس نہ ہوئے۔ 

شہر کے مختلف علاقوں میں تنگ سڑکوں پر ہر طرح کی تجاوزات ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لئے وبال جان بنی ہوئی قانون نافذ کرنے والوں کا منہ چِڑا رہی ہیں۔  نگراں وزیراعلیٰ نے تجاوزات کرنے والوں کو مالی نقصان سے بچانے کے لئے آج منگل کے روز اپنا الٹی میٹم ختم ہونے کے بعد تجاوزات کرنے والوں کو آج منگل کی شب تک تجاوزات خود ہٹا لینے کے لئے مزید ایک دن کی مہلت دے دی لیکن تاجروں پر اس مزید مہلت کا بھی کوئی اثر نہیں ہوا۔ 

 ہال روڈ کے دکانداروں نے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، ہال روڈ مین مارکیٹ، اطراف میں تجاوزات کی بھرمار بدستور برقرار ہے، شہری تنگ آگئے، تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا۔

ایک طرف حکومت اور شہری دونوں تجاوزات سے نالاں ہیں، دوسری طرف تجاوزات کرنے والے نہ حکومت کی وارننگز کا کوئی نوٹس لیتے ہیں نہ عوام کی دہائیوں سے پشیمان ہوتے ہیں۔

 لاہور کی بیشتر مارکیٹس کی طرح ہال روڈ میں بھی غیر قانونی سٹالز، ناجائز پارکنگ مافیا بے لگام ہے۔ تجاوزات کے باعث ہال روڈ میں شاپنگ کے لیے آنے والی شہری بھی خوار ہو گئے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ بازار آکر وہ تجاوزات کے ہجوم کی وجہ سےخوار ہوجاتے ہیں، بازار میں ٹریفک بھی جام رہتی ہے اور پیدل چلنے کی جگہ بھی نہیں ملتی۔صدر ہال روڈ بازار بابر محمود کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے کارروائی نہیں کی جاتی اور انتظامیہ تجاوزات ختم کروانے میں ناکام نظر آتی ہے۔ دکانداروں کو ہدایت کی تھی کہ تجاوزات ختم کریں مگر کسی نے کوئی عملدرآمد نہیں کیا۔