(فہد علی)شہر میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات نہ رک سکے۔ گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں جناح ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کرنے والے دو ملزمان پولیس نے گرفتار کر لیے ۔
پولیس کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ گارڈن ٹاؤن کی علاقے میں دو منچلے لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کر رہے ہیں جس پر ایس ایچ گارڈن ٹاؤن عمران انوار نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم جنید اور عمیر کو گرفتار کرلیا ۔
پولیس ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ لیڈی ڈاکٹر جناح ہسپتال سے ڈیوٹی ختم کر کے ہاسٹل واپس جارہی تھی ملزم جنید اور عمیر نے چھیڑ خانی کی ہراساں کرتے رہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جناح ہسپتال کے سیکورٹی سپروائزا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ۔
دوسری جانب گریٹر اقبال پارک میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات لیڈی اہلکار کو دو لڑکوں نے ہراساں کیا، لیڈی اہلکار آسیہ کی اطلاع پر پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ لیڈی اہلکار آسیہ کو پولیس لائنز سے سیکیورٹی ڈیوٹی پر بھجوایا گیا تھا۔
دونوں ملزموں کو گریٹر اقبال پارک کے گیٹ نمبر 5 سے حراست میں لیا گیا جبکہ ان دوںوں کےخلاف تھانہ لاری اڈا میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق راوی روڑ کے رہائشی نعیم اور طیب نے لیڈی اہلکار کو تنگ کیا اور آوازیں کسیں۔