لاہوریوں کیلئے بری خبر

 لاہوریوں کیلئے بری خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئر مال(راؤ دلشاد) مہنگائی سے پریشان لاہوریوں کیلئے ایک اور مشکل، لاہور پارکنگ کمپنی نے شہر کے 240 پارکنگ سٹینڈز پر پارکنگ فیس میں 100 فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا۔ 

لاہور پارکنگ کمپنی کے 15 ویں بورڈ ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پارکنگ فیس بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، ٹرک، مزدہ، ویگن، رکشا، موٹر سائیکل اور سائیکل کی پارکنگ فیس میں اضافہ جبکہ موٹر کار کی پارکنگ فیس میں 80 فیصد اضافہ کا فیصلہ کر لیا گیا، اضافے کی سفارشات میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ارسال کردی گئی ہیں، کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر کی پارکنگ فیسوں میں اضافے کیلئے ایم سی ایل اخباری اشتہار کے ذریعے عوامی اعتراضات طلب کرے گی، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کی زیر دفعہ 157 کے تحت پارکنگ فیس سے متعلق عوامی اعتراضات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل کی سفارش پر سیکرٹری بلدیات پنجاب اضافے کی منظوری دیں گے، ٹرک کی پارکنگ فیس 100 سے 200 روپے تک بڑھانے، موٹر کار اور ویگن کی پارکنگ 30 روپے سے 50 روپے تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، موٹر سائیکل کی 10 سے 20 جبکہ سائیکل کی 5 روپے سے 10 روپے تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے لاہور پارکنگ کمپنی کے پارکنگ فیس میں اضافے کو مسترد کردیا، انہوں نے کہا ہے کہ پارکنگ سہولیات دعوے تو صرف دعوے ہی رہے لیکن پارکنگ فیسوں میں اضافہ کرنے میں لاہور پارکنگ کمپنی پھرتیاں کیوں دکھا رہی ہے؟ لاہور پارکنگ کمپنی جس مقصد کے لیے بنائی گئی کیا وہ مقصد پورا ہوگیا جو فیسوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، حکومت پہلے ہی مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے میں ناکام ہوئی ہے، اب رہی سہی کسر لاہور پارکنگ کمپنی پر نکالنا چاہتی ہے، پارکنگ فیسوں میں اضافہ کی تجویز کو فوری رد کیا جائے۔

Sughra Afzal

Content Writer