سٹی 42: پولیس کی مبینہ بھتہ خوری اور آئے روز ایل پی جی شاپس پرکریک ڈاؤن کے خلاف عوامی رکشہ یونین اور ایل پی جی ایسوسی ایشن کی مشترکہ پریس کانفرس، 23 اور 28 دسمبر کو احتجاجی مظاہرے جبکہ دو جنوری کو شہر کے داخلی وخارجی راستے بند کرنے کا اعلان۔
تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ایسوسی ایشن اور عوامی رکشہ یونین نے الحمرا میں مشترکہ پریس کانفرس کی جس میں چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری اور صدر ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے اعلان کیا کہ پولیس کی جانب سے براہ راست ایل پی جی دکانوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جا رہا ہے جو کہ مکمل طور پرغیر قانونی ہے۔
پولیس کی جانب سے بھتہ خوری کی جا رہی ہے اور پیسے نہ دینے پر ایف آئی آرز کا اندراج کیا جاتا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں اور اس بھتہ خوری کے باعث ایل پی جی مہنگی فروخت کرنے پرمجبورہیں، انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پولیس کی براہ راست مداخلت ختم کی جائے۔
مجید غوری اور عرفان کھوکھر نے اعلان کیا کہ اگر یہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 23 دسمبر کو پریس کلب، 28 دسمبر کو آئی جی آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا جبکہ 2 جنوری کو شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند اور مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی جائیگی جس کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور حکومت پرعائد ہوگی۔