(شاہد ندیم سپرا) سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی پنجاب میں گیس بحران کے خدشات پیدا ہو گئے، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے صنعتی اور سی این جی سیکٹر کو تا حکم ثانی گیس سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
موسم میں تبدیلی کی وجہ سے صارفین کی جانب سے گیس کی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے کمپنی نے شارٹ فال کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے صارفین کو گیس سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ موسم سرما کے دوران صنعتی و سی این جی سیکٹر کو گیس کی سپلائی بند رہےگی تاکہ گھریلو صارفین کوگیس فراہم کی جا سکے، اس وجہ سےسوئی ناردرن گیس کمپنی اوروفاقی حکومت کےنمائندگان میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پرگیس سپلائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو بڑے صارفین کوسپلائی بند کر کے ہی ممکن ہو سکے گا، اسی طرح کھانا پکانے کے اوقات میں بھی گیس پریشر کیساتھ دینے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ دیگر اوقات میں گیس پریشر کم کیا جائیگا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ صنعتی و سی این جی سیکٹر کو آج سے گیس سپلائی بند کرنے کا قوی امکان ہے۔