(شاہین عتیق ): جوڈیشل کمپلیکس میں قائم اٹھارہ سپیشل عدالتوں نے یکم جنوری سے اٹھارہ دسمبر تک 3114 مقدمات کے فیصلے سنائے، سب سے زیادہ فیصلے ڈرگ کورٹ نے کیے۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس فیز ٹو میں خصوصی عدالتیں کام کر رہی ہیں، ان عدالتوں میں 3114 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔ 2017 میں 18عدالتوں میں 4784 مقدمات التوا میں پڑے ہیں۔ سینئر سپیشل جج اینٹی کرپشن نے 2017 میں 300 اور اینٹی کرپشن نمبر دو نے 400 فیصلے کیے۔ بنک جرائم کورٹ نمبر ون میں 153، بنک جرائم نمبر دو نے 120، سپیشل جج سنٹرل لاہور نے 600 اور کورٹ نمبردو نے 36 فیصلے کیے۔ کورٹ نمبر تین نے 200 ڈرگ کورٹ نے 730 نارکوٹکس 265 احتساب عدالت کی پانچ عدالتوں نے 100 فیصلے کیے، صارف عدالت نے 648 کسٹم عدالت نے 20 فیصلے کیے۔
سال 2017 میں احتساب عدالت میں 105 چالان پیش کیے گئے۔ ڈرگ کورٹ نے ملزمان کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 9 لاکھ 48 ہزار جرمانہ کیا۔ احتساب عدالت میں 2017 میں جو اہم مقدمات زیر سماعت تھے، ان میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، ٹرانسفارمر فراڈ کیس، آصف ہاشمی کیس اور ہائوسنگ سوسائٹی کیس شامل ہیں۔