(ویب ڈیسک)لاہورگریٹر اقبال پارک میں لڑکی سے دست درازی کا واقعے پر سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے ویڈیوز میں نظر آنے والے ملزمان سے متعلق اشتہار جاری کردیاہے۔
ذرائع کے مطابق اشتہار میں عوام کو ملزمان کے بارے اطلاع دینے کی اپیل کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کا نام بتانے والے کا نام مکمل راز میں رکھا جائے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سے متعلق مزید ویڈیوز منگوانے کے لیے بھی نمبر جاری کردیا ہے جس شہری کے پاس کوئی بھی ویڈیو ہوتو وہ ضرور بھجوائے۔دوسری طرف نادرا نے بھی واقعہ سے متعلق ضروری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے،تعطیلات کے باوجود نادرا اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔
گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر لڑکی ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا،سینکڑوں نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور لڑکی کے کپڑے پھاڑ دیئے تھے۔
خاتون کی درخواست پر 400 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد سے پولیس مجرموں کی تلاش میں مصروف ہے ۔