(قذافی بٹ)کالعدم تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان معاملات، علماء متحرک ہوگئے، جیل میں سعد رضوی کے ساتھ 5 رکنی وفد نےملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی سے علماء کے 5 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین کے درمیان معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنےکی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، صاحبزادہ حامد رضا، ثروت اعجاز قادری اور مولانا جلیل احمد شرقپوری شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعدرضوی نے شوریٰ ارکان کے نام اہم پیغام جاری کیا تھا،سعد رضوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسجد رحمت اللعالمین کے سامنے دھرنا فوری ختم کیا جائے ،کارکنان فوری طورپر گھروں کو واپس لوٹ جائیں۔ کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ کااپنے پیغام میں کہناتھا کہ شوریٰ ممبران خود کو قانون کے حوالے کریں،شوری ممبران کی ضد کی وجہ سےسینکڑوں کارکنان اورعوام چھ دن سے مشکلات میں ہیں ۔سعد رضوی کا کہناتھا کہ 20 اپریل کی ہڑتال کی کال فوری واپس لی جائے ،قبلہ ظہرالحسن شاہ میری ہدایات پر فوری عمل کرائیں۔
یاد رہے کہ آج پنجاب حکومت کی جانب سے کالعدم قراردی گئی جماعت تحریک لبیک کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔محکمہ داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک کے تمام اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز سے کالعدم تحریک لبیک کے اسلحہ لائسنسوں کی تفصیل مانگ لی ہے۔علاوہ ازیں کالعدم تحریک لبیک کے تمام بینک اکاونٹس منجمد کر دیئے ہیں۔
تحریک لبیک کے رہنماؤں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے پولیس اور تمام ڈی سی سے فہرستیں طلب کر لی ہیں ۔فورتھ شیڈول کے تحت تحریک لبیک کے رہنماؤں کوہر روز تھانے میں حاضری لگوانا ہوگی۔ تھانہ رپورٹ کے بغیر یہ رہنما اپنے تھانہ کی حدود سے باہرنہیں جا سکیں گے۔