( رضوان نقوی ) ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز اور سیلز ٹیکس ادائیگی کی تاریخ میں ستائیس اپریل جبکہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں تیس اپریل تک توسیع کردی۔
ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز اور سیلز ٹیکس ادائیگی اور گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ مارچ کے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی کی تاریخ 15 اپریل سے بڑھا کر 27 اپریل کردی گئی ہے۔
فیڈرل ایکسائز اور سیلز ٹیکس کے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 30 اپریل تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو بینک اکاؤنٹس میں ریفنڈز کی آن لائن ادائیگی کیلئے مرکزی نظام قائم کردیا ہے۔ ریفنڈز کی آن لائن ادائیگی کیلئے ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو "آئرس پروفائل " اپڈیٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔
ایف بی آر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹیکس گزار آئرس پروفائل میں دیئے گئے اپنے بینک اکاؤنٹس کیساتھ اپنے بینک کا "آئی بین" بھی فراہم کریں۔ ایف بی آر خودکار نظام کے ذریعے ٹیکس گزاروں کی ریفنڈز کی رقوم انکے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرے گا۔
یاد رہے اس سے قبل ایف بی آر نے امپورٹرز کے بینک اکاؤنٹس میں کسٹمز ڈیوٹی ڈرابیک کی آن لائن ادائیگی کا نظام قائم کردیا تھا۔ آن لائن ادائیگی کے لئے ایف بی آر نے برآمدکنندگان سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنا وی بوک پروفائل اپڈیٹ کریں۔
اس کے ساتھ سسٹم میں دیئے گئے اپنے بینک اکاؤنٹس کے ساتھ اپنے بینک کا " آئی بین" بھی فراہم کریں۔ اس کا مقصد الیکٹرانک ٹرانسفر کے ذریعے کسٹمز ڈیوٹی ڈرابیک کی ادائیگی جلد از جلد ممکن بنانا ہے۔