عمراسلم:صدرمسلم لیگ ن میاں شہبازشریف نے کورونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔میاں شہباز شریف نے امریکی ناظم الامور سفیر پال ڈبلیو جونزکو جوابی خط لکھا.
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں اس حوالے سے پاکستان کی مدد کے لئے برطانیہ، امریکہ، چین و دیگر ممالک کی جانب سے امدادی سامان اور حفاظتی کٹس فراہم کی گئیں ہیں،کورونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور سفیر پال ڈبلیو جونز کو جوابی خط لکھا، خط میں میاں شہباز شریف کی طرف سے امریکی مدد کا شکریہ ادا کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہناتھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور روابط کہیں گہرے اور مضبوط ہیں جتنے بظاہر دکھائی دیتے ہیں،کورونا کے موجودہ چیلنج کی طرح ہر بحران میں دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی ابھر کر سامنے آنا اس امر کا بین ثبوت ہے،کورونا کسی سرحد کو نہیں پہچانتا، تمام خطے اس کی سفاکی اور تباہی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں،عالمی سطح پر کورونا کے خلاف تعاون کی جتنی آج ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہیں تھی۔
شہباز شریف کا مزید کہناتھا کہ اجتماعی طور پر کورونا کے عفریت کے خلاف جدوجہد نہ کی گئی تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے،صورتحال کا تقاضا ہے کہ امریکہ کورونا کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کرے،کورونا سے امریکہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس ہے،امید ہے کہ امریکی عوام جلد موجودہ صورتحال پر قابو پالے گی،ان کا مزید کہناتھا کہ پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے آپ کی بریفنگ کے لئے شکر گزار ہوں۔
— Shehbaz Sharif (Stay at home to stay safe) (@CMShehbaz) April 18, 2020