( قذافی بٹ ) وفاقی کابینہ کے تو برج الٹ گئے۔ اب صوبائی کابینہ میں بھی کام نہ کرنے والوں کی لسٹ تیار کی جائے، وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کردی، کپتان کہتے ہیں ٹیم کو جتوانے کے لیے تبدیلیاں کرنا پڑتی ہیں۔
مرکز کی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کے بعد کپتان نے پنجاب کا رخ کر لیا ہے۔ وزیر اعظم نے پنجاب کی ٹیم کے کپتان عثمان بزدار کو واضح کردیا ہے کہ ناقص کارکردگی والے کھلاڑیوں کو فارغ کرکے نئے کھلاڑی لائے جائیں۔ وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اچھا کپتان وہی ہے جو اپنی ٹیم پر مسلسل نظر رکھے، میچ جتوانے کے لیے کھلاڑیوں پر نظر رکھنا پڑتی ہے اور ضرورت پڑنے پر بیٹنگ آرڈر بھی تبدیل کرنا پڑتا ہے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو جتوانے کے لیے تبدیلیاں کرنا پڑتی ہیں، میں نے بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا اور آگے بھی تبدیل کرون گا۔
کپتان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو تو ٹیم میں تبدیلیوں کا واضح پیغام دے دیا گیا ہے، اب دیکھنا ہے کہ صوبائی کابینہ سے کون آؤٹ اور کون ان ہوتا ہے۔