(رضوان نقوی) ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے از خود نوٹس میں اہم پیش رفت ہوئی,رشوت خور سرکاری اہلکاروں کی وائرل ویڈیو ہونے پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کے رشوت خور اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رشوت خور سرکاری اہلکاروں کی وائرل ویڈیو کا ڈراپ سین سامنے آگیا،ایڈیشنل ڈی سی ریونیو پاکپتن یاسر فرید کے رشوت خور اہلکار کوگرفتار کر لیا گیا،اہلکارکی رشوت لیتے ویڈیوپرڈی جی اینٹی کرپشن نے نوٹس لیاتھا، ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس کا کہناتھا کہ کلرک طارق سعید کو معطل کر کے پرچہ درج کر لیا گیا،ڈائریکٹر اشفاق رحمان خان نےتحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کا کہناتھا کہ بد عنوان اہلکار کی سائل سے رشوت وصول کرتے ہوئے وائرل ویڈیو پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے دو روز قبل نوٹس لیا تھا، ویڈیو میں رشوت کی رقم وصول کرنے والے کلرک طارق سعید کو معطل کر کے پرچہ درج کر لیا گیا ہے ۔ ساہیوال اشفاق رحمان خان نے رشوت میں ملوث باقی اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔مکمل چھان بین کے بعد تمام ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا مزید کہناتھا کہ ویڈیو میں اہلکار سائلین سے جائز کام کے ہزاروں روپے بطور رشوت طلب کر رہے ہیں۔تفتیش کے بعد ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ کرپٹ سرکاری اہلکاروں کے خلاف گرفت سخت کر دی ہے۔ سوشل میڈیا کی وجہ سے کرپٹ عناصر کو پکڑنے میں مدد مل رہی ہے۔
گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن فورس کرپٹ اور بد عنوان عناصر کے خلاف جنگ میں ہراول دستہ ہے۔ ادارے میں جدید خطوط پر اصلاحات ناگزیر ہیں۔اینٹی کرپشن کو بہترین فورس میں بدل رہے ہیں۔ آہستہ آہستہ محکمہ انسداد بدعنوانی کا امیج بہتر ہو رہا ہے۔ ایک بہترین اور منظم فورس کا ادارے کی کارکردگی میں کلیدی کردار ہوتا ہے۔ اینٹی کرپشن پنجاب صوبائی سطح پر ایک بہترین تفتیشی ادارہ ہے۔