عثمان علیم: ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کا اجلاس، شہر میں 24 ستمبر سے تین روزہ مہم کے تحت 17 لاکھ 71 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوارالحق کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ای او ہیلتھ، ڈی ڈی او ہیلتھ، ڈبلیو ایچ او کے افسران سمیت دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں 24 ستمبر سے شروع ہونے والی تین روزہ پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) انوار الحق نے پولیو ٹیموں کی دوبارہ ٹریننگ کا اہتمام کرنے کی ہدایات دی. ان کا کہنا تھا کہ جو ملازمین پولیو مہم کی ٹریننگ میں حصہ نہ لیں ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور 24 ستمبر سے شروع ہونے والی مہم کو شہر بھر میں پور طریقے سے چلایا جائے، 22 ستمبر تک سٹاف کی کمی اور دیگر معاملات کو حل کیا جائے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز خود پولیو مہم کی سخت مانیٹرنگ کریں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا مزید کہنا تھا کہ ناقص کارکردگی پر متعلقہ ڈی ڈی او ہیلتھ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ تین روزہ پولیو مہم میں شہر کے 17 لاکھ 71 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔