(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے ڈی سی اور سی سی پی او کو حمزہ شہباز شریف کے گھر کے باہر سے رکاوٹیں فوری ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے 25 ستمبر کو عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس علی اکبر قریشی نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پنجاب حکومت، ہوم سیکرٹری اور ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ جوڈیشل کالونی میں حمزہ شہباز شریف نے اپنے گھر کے پیچھے گلی میں ناجائز رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ سرکاری زمین پر جنریٹر کی تنصیب کے لئے تعمیر کر کے رکاوٹیں بنائی گئی ہیں۔ سکیورٹی کے نام پر رکاوٹیں آئین کے آرٹیکل9، 14، 16، 17، 25 اور 4 کی خلاف ورزی ہے۔سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود رکاوٹیں نہیں ہٹائی گئیں۔
درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت حمزہ شہباز کے گھر سے رکاوٹیں ختم کروانے کا حکم دے۔