عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست غیر مؤثر قرار

Imran Khan
کیپشن: Imran Khan
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست غیر مؤثر  قرار دیتے ہوئے نمٹادی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان نے کل ٹرائل کورٹ کے سامنے سرنڈر کردیا، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پھر تو یہ کیس غیر مؤثر ہو گیا۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں یہ معاملہ زیر التوا ہے جس میں انہوں نے ٹرائل کورٹس سے رپورٹ مانگی ہے، عدالت نے کہا کہ شریک ملزم کا کیس زیر التوا ہے تو وہ معاملہ تو حل ہو جائے گا۔

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا انہوں نے کہا تھا کہ یہ معاملہ اسپیشل جج سینٹرل نہیں بلکہ اسپیشل جج بینکنگ کا بنتا ہے، آرڈر کی درستگی کی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹاتے ہوئے کہا کہ مقدمے کی سماعت کے لیے عدالتی دائرہ اختیار کا تعین جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے۔

اس سے قبل اسپیشل جج سینٹرل اور بینکنگ کورٹ نے مقدمے میں نامزد شریک ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں سننے سے معذرت کر لی تھی جس پر عمران خان نے ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت اور پھر اسپیشل جج سینٹرل سے عبوری ضمانت حاصل کی۔