قذافی بٹ: صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کا 100 روزہ پلان عوام کی ترقی اور خوشحالی کا انقلابی ایجنڈا ہے، آئندہ 5 سالوں میں ایک کروڑ روزگار کے نئے مواقع اور 50 لاکھ گھر بنائے جائیں گے، محکمہ صنعت وتجارت آئندہ 5 سالوں میں 60 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف پورا کرے گا۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ قائداعظم اپیرل پارک اور سپیشل اکنامک زونز کے قیام اور صنعتوں کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے، سرمایہ کاری کو فروغ دے کر معاشی سرگرمیوں کو بڑھایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں ون ونڈو آپریشن کے اجراء سے سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں ملیں گی، تربیتی اداروں کو ایک چھتری تلے لانے کے لئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ٹیوٹا کے گریجویٹس کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے بڑے پروگرام کا بھی جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دینے سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں اور پنجاب حکومت ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لئے انقلاب آفرین اقدامات اٹھا رہی ہے۔