(علی رامے) اب شہری دربدر ہونگے نہ دفتروں کے چکر لگانے پڑیں گے، انصاف گھر کی دہلیز پر ملے گا۔ پنجاب حکومت نے آن لائن شکایت سیل کے پروجیکٹ پر کام شروع کر دیا۔ ہیلپ لائن کال سینٹر اور ویب سائٹ کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نےعوام کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے بیک وقت ہیلپ لائن، کال سنٹر اور ویب سائٹ بنانے کے لئے کام شروع کردیا۔ لاہور اور جنوبی پنجاب سمیت دوردراز سے آنے والے شہریوں کو ہر ممکنہ سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے سرکاری ادارےسرگرم ہیں۔ صوبہ میں ایک ہیلپ لائن ، کال سنٹر اور ویب سائٹ بنانےسے پنجاب بھر کے عوام اپنی شکایات اور مسائل آن لائن حکومتی اداروں تک پہنچاسکتے ہیں۔ شہری اپنے کمپیوٹرز، موبائل فون سے بھی ڈیجیٹل شکایات درج کروا سکیں گے جبکہ شکایت کنندہ کو شکایت کا نمبر درج فراہم کیا جائے گا۔
شہریوں کو آن لائن ہی ان کی شکایات کی بابت ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائےگا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سمیت دیگر حکومتی ذمہ داروں نے ابتدائی خدوخال تیار کر لیے ہیں اور صوبائی سطح پر ہیلپ لائن، کال سنٹراور ویب سائٹ کا بیک وقت افتتاح جلد متوقع ہے۔