(جنید ریاض)لاہو رکے سرکاری سکول ٹارچر سیل بن گئے ہیں آئے روز کوئی نہ کوئی اساتذہ کے تشدد کا واقعہ سننے میں آتا رہتا ہے، آج گورنمنٹ ملت گرلز ہائی سکول مغلپورہ کی ٹیچر نے دسویں جماعت کی طالبہ کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، تھپڑوں سے طالبہ کا چہرہ لال کردیا، ڈی ای او ملک احسان نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق مغلپورہ میں واقع گورنمنٹ ملت گرلز ہائی سکول کی ٹیچر شمیم ریاض کی دسویں جماعت کی طالبہ مہوش پر ظالمانہ تشدد کی فوٹیج سامنے آگئی۔ ٹیسٹ درست کرنے کے باوجود استانی نے ذاتی رنجش کے باعث مہوش کی درگت بنا ڈالی۔ دونوں گالوں پر تھپڑوں کی بارش سے مہوش کا منہ لال ہو گیا۔
مہوش کا کہنا ہے کہ ٹیچر نے سوال حل کرنے کے باوجود ذاتی رنجش پر مارا، وہ اکثر طالبات کو مارتی پیٹتی ہیں۔ جبکہ ہیڈ مسٹریس تمسیلہ کا کہنا ہے کہ بچی نے خود اپنے گال لال کیے ہیں۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ملک احسان کا کہنا ہے کہ بچی کو مارنے کے معاملہ کی مکمل انکوائری کی جائے گی۔