اقبال ٹاؤن کے گھر میں انکاؤنٹر، چھ ڈاکو ہلاک

اقبال ٹاؤن کے گھر میں انکاؤنٹر، چھ ڈاکو ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چوہدری: اقبال ٹاون میں ڈاکٹر کے گھر داخل ہونے والے چھ ڈاکومبینہ طور پر فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے،مشکوک حالات واقعات نے کئی سوالات کوجنم دے دیا۔
پولیس اور ڈاکووں کے درمیان فائرنگ کےتبادلہ کے بعد واردات کے لیے ڈاکٹر کے گھر گھسنے والے چھ ڈاکو مارے گئے،پولیس کے مطابق ریکی کرکے ڈاکٹر عباد کے گھر داخل ہونے والے ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو یرغمال بنایا جبکہ بالائی منزل پر موجود ڈاکٹر کی بیٹی نے پولیس کو کال کردی اور پولیس ریسپانس کے دوران فائرنگ شروع ہوگئی۔
ڈاکوؤں کی ہلاکت پر اہل علاقہ نے پولیس کے حق میں نعرے بازی کی۔
مبینہ پولیس مقابلہ کے مشکوک حالات و واقعات نے کئی سوالات کو جنم دیدیا ،ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو ڈاکٹر عباد کے گھر کیسے پہنچے۔ کرائم سین سے کوئی سواری، گاڑی یا موٹرسائیکل نہ مل سکی۔

پولیس کے بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آئی اے اقبال ٹاون ن کے سٹاف نے ڈاکووں کو حراست میں لیا تھا اور حراست میں لینے کے بعد ڈاکوؤں کو گھر کے اندر اکٹھا کیا گیا جبکہ یرغمال بنائے گئے افراد میں سےکوئی سامنے نہ آیا۔ اس گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی غائب کر دیا گیا۔ہلاک ہونے والوں کی شناخت علی رضا، عمران ، چاند ولد عبد المجید، علی رضا ولد رحمت علی، وسیم عرف چھیما اور محمد وسیم کے نام سے ہوئی۔

اقبال ٹاؤن کے علاقہ کالج بلاک میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور  فرانزک ٹیمیں موقع پر بدستور موجود ہیں۔

 پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔ 2 ڈاکوؤں کی لاشیں گھر کی چھت پر اور 4 کی گراؤنڈ فلور پر موجود ہیں۔

 پولیس کے مطابق  انکاؤنٹر میں مرنے والےتمام ملزموں کا کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں کچھ دیر تک میو ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کی جائیں گی۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ 6 ڈاکو ڈاکٹر عباد کے گھر میں واردات کی نیت سے داخل ہوئے تھے۔ پولیس کے پہنچنے پر مبینہ مقابلہ ہوا، تمام ڈاکو مارے گئے۔