دورنایاب: وزیراعلیٰ محسن نقوی پنجاب کابینہ کے ہمراہ علی الصبح لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ پہنچ گئے، صوبائی وزراء کے ساتھ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا 2 گھنٹے طویل دورہ کیا، مراکہ انٹرچینج کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر، بلال افضل، ابراہیم حسن مراد اور صوبائی مشیر وہاب ریاض بھی ہمراہ موجود تھے ۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے مراکہ سے بحریہ ٹاؤن تک منصوبے پر ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ وزیر اعلی نے مختلف مقامات پر منصوبے کے زیرتعمیر 3 برج پر جاری کاموں کااور ارتھ ورک اور پتھر ڈالنے کے کام کا بھی مشاہدہ کیا ۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ مراکہ انٹرچینج کو جتنا جلد ممکن ہو مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلی نے چیئرمین لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کو روزانہ پراجیکٹ کا وزٹ کرنے کی ہدایت کی اور اضافی ورک فورس لگا کر کام کو تیز کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں دھند کے خدشے کے پیش نظر تعمیراتی کاموں کیلئے پیشگی پلاننگ کی جائے تاکہ کسی بھی سطح پر تاخیر نہ ہو۔ایف ڈبلیو اوکے کرنل احمد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔ ارتھ ورک اور سب ویز پر ہونیوالی پراگرس پر بریف کیا گیا ۔ وزیر اعلی کی زیر صدارت ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں اجلاس ہوا ۔ وزیر اعلی محسن نقوی کو پراجیکٹ کے مکمل کئے گئے کاموں اور ٹائم لائن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔