سٹی42: کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہم نے پچ کو پڑھ لیا تھا، باؤلرز نے بہت محنت کی جس کی بدولت لاہورقلندرز کو بڑا سکور نہ بنانے دیا۔ بابراعظم کی شاندار بلے بازی کی بدولت فائنل جیتا۔
تفصیلات کے مطابق کپتان کراچی کنگزعماد وسیم نے پی ایس ایل کے فائنل میں فتح کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے جب پہلا اوور کیا تو سب کو پچ کے بارے میں بتا دیا تھا، ہم نے پلاننگ کی تھی کہ لاہور قلندرز کو بڑا سکور کرنے سےروکنا ہے۔ باؤلرز نے بہت محنت کی جس کی بدولت لاہور قلندرز بڑا سکور نہ کر سکی۔
عماد وسیم نےمیچ کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم مطمئن تھے کہ ہدف باآسانی حاصل کر لیں گے کیونکہ بابراعظم بھی فارم میں تھے اور ہمارے پاس ایک عمدہ بیٹنگ لائن بھی موجود تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم نے قابل تعریف اننگز کھیلی ۔ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم نے ہمیں بہت سپورٹ کیا اور ہم نے ان کے تجرے سے کافی فائدہ حاصل کیا۔ کپتان کراچی کنگز کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم میں تماشائیوں کی کمی محسوس ہوئی،اگر وہ ہوتے تو میچ اورلطف اندوز ہو جاتا ۔ کراچی کنگزکو سپورٹ کرنے پر ان کا شکرگزارہوں۔