(زاہد چوہدری)کورونا سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا،مہلک وائرس نے کئی زندگیوں کے چراغ گل کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے وار جاری ہیں،شہر میں مہلک وائرس نے مزید 23 زندگیاں نگل گیا۔کورونا وائرس کے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 399 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے 725 مریض داخل ہیں جن میں سے 204 مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں .وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔ہسپتالوں کے کورونا آئی سی یوز کے 64 فیصد بیڈ پر کورونا مریض زیر علاج ہیں۔
ملکی مجموعی صورتحال کی بات کی جائے توموذی کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں چوبیس گھنٹوں میں مزید135 افراد انتقال کرگئے جبکہ وائرس میں مبتلا ہونیوالے2 ہزار566 افراد کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 19 ہزار752 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 82 ہزار 926 ہو گئی ہے۔ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 68 ہزار 223 ہے اور 7 لاکھ 92 ہزار 522 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔کورونا کےباعث سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں9 ہزار 411 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ صوبہ سندھ میں 4 ہزار 801، صوبہ خیبرپختونخوا 3 ہزار 786، دارالحکومت اسلام آباد 731، گلگت بلتستان 107، صوبہ بلوچستان میں 267 اور آزاد کشمیر میں 514 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 79 ہزار 221، صوبہ خیبرپختونخوا ایک لاکھ 27 ہزار 38، صوبہ پنجاب 3 لاکھ 27 ہزار 362، صوبہ سندھ 2 لاکھ 99 ہزار 194، صوبہ بلوچستان 23 ہزار 866، آزاد کشمیر 18 ہزار 258 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 423 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔