نشتر پارک (سٹی42 نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 8 ماہ کے دوران نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔
دورہ ویسٹ انڈیز کے شیڈول جاری ہونے کے بعد پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وسیم خان نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ ویسٹ انڈیزہمیشہ قابل قدر اور بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، کیریبین کرکٹ کی تاریخ ہے کہ وہاں کھیلوں کی بہترین سہولیات اور حوصلہ افزائی کرنے والے شائقین کرکٹ کی موجودگی تمام کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کی ترغیب دیتی ہے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ ویسٹ انڈیزکی مشاورت اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ کی آمد کے پیش نظر ہم نے ابتدائی طور پر سیریز میں شامل 1 ٹیسٹ میچ کی جگہ 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس اقدام سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مزید بہتر انداز سے میگا ایونٹ کی تیاری کرنے میں معاونت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ سیریز پاکستان کرکٹ کے ایکشن پیک سیزن کا حصہ ہے،آئندہ 8 ماہ کے دوران اس ایکشن پیک سیزن میں پاکستان کو نیوزی لینڈ ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی کرنے کے علاوہ انگلینڈ، افغانستان اور بنگلا دیش کے خلاف اوئے سیریزبھی کھیلنی ہے، اسی دوران قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ آنے والی ہر سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ہم 2023 تک اپنی ٹیم کو ہر طرز کی کرکٹ میں ٹاپ تھری پوزیشنز پر دیکھنا چاہتے ہیں۔