سٹی42: سپریم کورٹ نے ہفتے اور اتوار کو بھی ملک کی تمام چھوٹی مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کھلے رکھنے کا حکم دے دیا۔ ہفتے میں دو دن کاروبار بند کرنے کا حکومتی حکم غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار, چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کیا کورونا وائرس ہفتے اور اتوار کو کہیں چلا جاتا ہے، چھوٹے تاجر کورونا کے بجائے بھوک سے ہی نہ مر جائیں، کیا کسی کو معلوم ہے دو ماہ بعد کتنی بے روزگاری ہوگی؟ بند ہونے والی صنعتیں دوبارہ چل نہیں سکیں گی۔
سپریم کورٹ میں کرونا وائرس از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی.اٹارنی جنرل اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز نے دلائل میں ایس او پیز کا تذکرہ کیا تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جن چھوٹی مارکیٹوں کو کھولا گیا وہ کونسی ہیں؟ کیا زینب مارکیٹ, راجہ بازار? طارق روڈ اور صدر کا شمار چھوٹی مارکیٹوں میں ہوتا ہے؟ چھوٹے تاجر کورونا کے بجائے بھوک سے ہی نہ مر جائیں۔کیا ہفتے اور اتوار کو سورج مغرب سے نکلتا ہے؟ کیا وبا نے حکومتوں سے وعدہ کر رکھا ہے وہ ہفتہ اور اتوار کو نہیں آئے گی۔ مارکیٹیں اور کاروباری سرگرمیوں کو ہفتہ اتوار بند کرنا آئین کی خلاف ورزی قرار دے دیا.
چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کو دکانیں اور مارکیٹیں سیل کرنے سے روک دیا.ریمارکس دیئے کہ تاجروں سے بدتمیزی کرنی ہے نہ رشوت لینی ہے، آپ نئے کپڑے نہیں پہننا چاہتے لیکن دوسرے لینا چاہتے ہیں۔ عوام حکومت کے غلام نہیں ہے، عدالتی استفسار پر ایڈووکیٹ جنرلز سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ نے شاپنگ مالز بارے پالیسی بتائی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ شاپنگ مالز کو بند رکھنے کی کیا منطق ہے؟
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ پاکستان میں غربت بہت ہے، لوگ روزانہ کما کر ہی کھانا کھا سکتے ہیں۔ کیا کسی کو معلوم ہے دو ماہ بعد کتنی بے روزگاری ہوگی۔؟؟کیا کروڑوں لوگوں کو روکنے کیلئے گولیاں ماری جائیں گی؟ لگتا ہے کراچی پورٹ پر پڑا اربوں کا سامان سمندر میں پھینکنا پڑیگا۔چیف جسٹس نے کہا محکمہ صحت تمام کالی بھیڑوں کو جانتا ہے،سب سے تھرڈ کلاس ادویات سرکاری ہسپتالوں میں ہوتی ہیں،ہسپتال میں کام کرنے والے لوگوں کے ادویات بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ کمیشن طے ہوتے ہیں,سرکاری ہسپتال میں کرونا مثبت نجی میں منفی نکلتا ہے.چیف جسٹس نے کہا 200 ارب روپے این ڈی ایم اے نے خرچ کر دیے پتا نہیں کہاں لگائے۔
سپریم کورٹ نے پورا ہفتہ مارکیٹسں اور شاپنگ مالز کھولنے کا حکم دے دیا ہے.عدالت نے کہا دو دن کاروبار بند رکھنے کا حکم آئین کے آرٹیکل 4, 18 اور 25 کی خلاف ورزی ہے،پنجاب میں شاپنگ مال فوری طور پر آج ہی سے کھلیں گے،سندھ شاپنگ مال کھولنے کے لیے وزارت صحت سے منظوری لے گا، تمام مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔۔عدالت نے کہا دیگر بیماریوں سے بھی لوگ مرتے ہیں صرف کرونا پر تمام وسائل نہ خرچ کیے جائیں.عدالت نے این ڈیم ایم اے حکام کو دوبارہ ہدایات لیکر آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی.