(عابد چودھری) ڈیفنس کے علاقے ایچ بلاک میں پولیس اہلکاروں نے کار سواروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، تشدد کے واقعہ کی موبائل فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔
ڈیفنس کے علاقے ایچ بلاک میں پولیس اہلکاروں نے کار سواروں کو چیکنگ کے لئے روکا، کار سے اۡئیر پمپ برآمد ہوا جسے پولیس اہلکار آئس بنانے والی مشین قرار دیتے رہے جس پر پولیس اہلکاروں اور کار سواروں میں تکرار ہوئی تو پولیس اہلکاروں نے کار سواروں کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، سٹی 42 کو موصول ہونے والی موبائل فوٹیج میں پولیس اہلکاروں اور ڈولفن اہلکاروں کو کار سواروں کو تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس اہلکاروں نے واقعہ کی فوٹیج بنانے والے دو افراد کو بھی حراست میں لے لیا جبکہ واقعہ کی خبر نشر ہونے پر ایس پی کینٹ نے نوٹس لیکر ڈی ایس پی ڈیفنس کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ایس پی کینٹ عبداللہ ملک کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کڑی محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے کار سواروں سے رشوت طلب کی، رشوت نہ دینے پر پولیس اہلکار کار سواروں کو مارپیٹتے تھانے لے گئے۔