(فاران یامین) لاہور شہر کی سڑکوں پر کمسن بچے کی گاڑی چلانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، ٹریفک پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گاڑی پکڑ لی۔
ذرائع کےمطابق کمسن ڈرائیور کینال روڈ پر مغلپورہ سے ہربنس پورہ کی جانب گاڑی ڈرائیو کررہا تھا کہ نزدیک سے گزرنے والی فیملی نے تمام منظر موبائل کیمرہ سے عکس بند کرلیا۔ویڈیو میں دوسری نشست پر ایک شخص کو بیٹھے بھی دیکھا جاسکتا ہے، ٹریفک پولیس بھی گاڑی سے لاعلم رہی، گاڑی کو کسی نے نہ روکا۔
دوسری جانب سی ٹی او لاہور نے کمسن بچے کے گاڑی چلانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے گاڑی مالک کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد ٹریفک پولیس حرکت میں آگئی، ٹریفک پولیس نے کئی گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گاڑی پکڑ لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی مالک کا ڈرائیونگ لائسنس اور شناختی کارڈ قبضے میں لے لیا۔
سی ٹی او نے کہا کہ والدین کی طرف سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ حادثات کا سبب بنتا ہے، بحیثیت قوم ہمیں اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے، 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کا گاڑی چلانا قانون جرم ہے۔