فیروز پور روڈ (سعید احمد سعید) رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی کا ایک اور طوفان، یوٹیلٹی سٹورز پر گھی و کوکنگ آئل کے بعد دالیں بھی مہنگی کردی گئیں۔
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے لاہوریوں کے لیے بُری خبر آگئی، دال ماش 20 روپے، دال چنا 15 روپے، سفید چنے 5 روپے فی کلو مہنگے کردئیے گئے، دال چنا قیمت 130 سے بڑھ کر 145 روپے، سفید چنا کی قیمت 115 روپے سے بڑھ کر 120 روپے، دال ماش کی قیمت 250 سے بڑھ کر 265 اور دال ماش چھلکا کی قیمت 230 سے بڑھ کر 250 روپے فی کلو ہو گئی جبکہ دال ماش ثابت 15 روپے مہنگی ہوئی، اسکی نئی قیمت 215 روپے سے بڑھ کر 230 روپے ہو گئی۔
مختلف برانڈ کے فی کلو گھی اور فی لیٹر آئل کی قیمت میں9 روپے اضافہ ہوا، کوکنگ آئل 252 روپے لیٹر سے مہنگا ہو کر 261 فی لیٹر ہوگیا، غیر معروف برانڈز کا درجہ دوم گھی 7 روپے مہنگا، 252 روپے کلو فروخت ہوا، یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء کی نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نےعوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور مستقل ریلیف دینے کیلئے پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کوختم کر کے سہولت بازار اتھارٹی قائم کردی، اتھارٹی صوبہ بھر میں 400 سے زائد سہولت بازار قائم کرے گی، سہولت بازاروں کا دائرہ کار ہر ضلع اور ہر تحصیل تک بڑھایا جائے گا، یہ بازار سال کے 365 دن فنکشنل رہیں گے۔