(سٹی 42) چین میں تباہی پھیلانے والا وائرس دنیا کے 152 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک یہ وائرس 7 ہزار سے زائد افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، جبکہ ایک لاکھ98 ہزار ابھی بھی زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 238 ہوگئی
اس خطرناک وائرس نے اب پاکستان میں قدم جمانا شروع کردیئے، پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آگئے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کے کنفرم کیسوں کی تعداد 5 ہوگئی، چارو ں خواتین مریض ڈی ایچ اے کی رہائشی ہیں، وہ چند روز قبل یوکے سے آئی تھیں۔
محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 26 جبکہ مشتبہ مریضوں کی تعداد 42 ہوگئی،صوبہ سندھ میں 22،بلوچستان میں 6 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 238 ہوگئی، کنفرم مریضوں کو دیگر افراد سے الگ آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے۔
پنجاب میں لاک ڈاؤن پر غور
کورونا کے مریضوں میں اضافے پر پنجاب حکومت تشویش میں مبتلا ہوگئی، صوبے بھر میں لاک ڈاؤن پر غور کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے مارکیٹیں بند کرنے سے متعلق فیصلے کیلئے اپیکس کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، سرکاری اداروں میں بھی نقل وحرکت کو محدود کرنے بارے تجاویز زیرغور ہیں۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کے بڑے فیصلے
دوسری جانب محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نےکورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں ایک مریض کے ساتھ ایک اٹینڈنٹ کو رہنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
علاوہ ازیں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں کیلئے 300سکریننگ کٹس، وینٹی لیٹر خریدنے اور تشخیصی کٹس پرائیوٹ ہسپتالوں کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر لاہور سمیت صوبے بھر کے ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ ہے،سکولز، کالجز ، یونیورسٹیاں، سینما گھر اور شادی ہالز بند ہیں، پنجاب میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔
کورونا وائرس کی کیا علامات ہیں؟
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے اور جسم میں وائرس کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لیے بلڈ ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔
کورونا وائرس سے کیسے بچا جائے؟
طبی ماہرین نے شہریوں کو فیس ماسک استعمال کرنے، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنے اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔
شہری کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اللہ سے خیروعافیت کی دُعا کریں، بیماریوں سے پناہ مانگیں اور مندرجہ ذیل دُعا پڑھیں:
اَللّٰہُمَّ اِنّیِ اَعُُوذُبِکَ مِنَ البَرَصِ وَالجنونِ وَالجُذَامِ وَ مِن سَیِئی الا سقَام (آمین)
’’ ا ے اللہ! میں آپ کی پناہ مانگتا ہوں برص سے، دماغی خرابی سے، کوڑھ سے اور ہر قسم کی بُری بیماریوں سے۔‘‘