(ملک اشرف) ہائیکورٹ نے لڑکی سے زیادتی کےملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی، پولیس نے وکلاء کی ملزم کو فرار کروانے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس سردار احمد نعیم نے ملزم حاضر علی کی ضمانت خارج کی ،ملزم کیخلاف تھانہ صدر اوکاڑہ میں لڑکی سے زیادتی کا مقدمہ درج ہے ، وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ موکل کیخلاف بے بنیاد اور جھوٹا مقدمہ بنایاگیاہے، پولیس کو بیگناہی کے ثبوت بھی فراہم کئے،ٹرائل کورٹ نے ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی ہے ملزم بے قصور ہے، وکیل نے استدعا کی کہ ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے درخواست کی مخالفت کرتےہوئےکہاکہ تفتیش میں ملزم قصور وارہے،جرم کے حوالے سے ٹھوس شواہد موجود ہیں، سرکاری وکیل نے ضمانت خارج کرنے کی استدعاکی،عدالت نےوکلاءکےدلائل سننےکےبعد ضمانت خارج کردی، ضمانت خارج ہوتےہی ملزم نے فرار کی کوشش کی تاہم پولیس نےکمرہ عدالت سے نکلتے ہی دبوچ لیا، وکیل کی مداخلت کےباوجودپولیس ملزم کولیکرروانہ ہوگئی۔