ایم سی ایل کا خطرناک عمارتوں کا ڈیٹا ازسر نو مرتب کرنے کا فیصلہ

ایم سی ایل کا خطرناک عمارتوں کا ڈیٹا ازسر نو مرتب کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (راؤ دلشاد حسین) میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا 9 زونز کی خطرناک عمارتوں کا ڈیٹا ازسر نومرتب کرنے کا فیصلہ، خطرناک عمارتوں کا ڈیٹافراہم نہ کرنے والے زونل آفیسر پلاننگ کیخلاف کارروائی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق9 زونز کے زونل افسران پلاننگ کو دو روز میں میٹروپولیٹن کارپوریشن(ایم سی ایل) کے کنٹرولڈ ایریاز کی خطرناک عمارتوں کا ڈیٹا ازسر نومرتب کرنے کا حکم دیا گیا، اس ضمن میں زونل افسران پلاننگ کو مراسلہ جاری کردیا گیا,میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ رانا نوید اختر کا کہنا ہےکہ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن و کمشنر ڈاکٹر مجتبی پراچہ کی ہدایت پر خطرناک عمارتوں کا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے، مون سون کے پیش نظرخطرناک عمارتوں کو خالی کرایا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ زونل افسران پلاننگ اور بلڈنگ انفورسمنٹ انسپکٹرز کو ہر صورت فیلڈ میں نکلنا ہوگا، خطرناک عمارتوں کے پہلے سے موجود ریکارڈ کا بھی ازسر نوجائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی زونل افسران کو خطرناک عمارتوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن زونل افسران نے تعمیل نہیں کی، تاہم دو روز میں رپورٹ نہ کرنے والے زونل آفیسر کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو تحریری طور پر بھی آگاہ کیا جائے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer