(قذافی بٹ) خدشات کے بادل چھٹ گئے، وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو تھپکی، پورے اعتماد کے ساتھ کام کریں اور عوام کے مفاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں، وزیراعظم کی وزیراعلیٰ کو ہدایت.
وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کی افواہیں دم توڑ گئیں، وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات میں مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عوامی فلاح کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو پنجاب کی سیاسی، حکومتی اورمحکمانہ صورتحال بارے آگاہ کیا، وزیراعظم کو ریور راوی فرنٹ اتھارٹی اور کورونا کے لیےاٹھائے گئے اقداما ت بارے بھی آگاہی دی۔
وزیراعظم عمران خان نے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کےاقدام کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن پر حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر زبردست عملدآمد کرایا گیا، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا کیسز میں واضح کمی ہوئی،اب حالات بہتر ہورہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کےشمال میں جدید شہر بسانے کے لئے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی قائم کی ہے، اتھارٹی نیا شہر بسانے کیلئے کام کرے گی، دبئی طرز پر نیا شہر ایک لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر بنایا جائے گا، نجی شعبے کی جانب سے 5 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے، نیا شہر آباد ہونے سے لاہور کے ماحولیات، پانی اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو گھر بھیجنے اور پی ٹی آئی کی طرف سے نیا وزیر اعلیٰ لانے کی خبریں زیر گردش ہیں ، متبادل کے طور پر کچھ نام بھی دئیے جارہے تھے،17 جولائی کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی سے متعلق خبروں کی ترید کردی تھی۔ شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے، ان کی تبدیلی کے حوالے سے کی جانے والی تمام قیاس آرائیاں بے بنیاداور بددیانتی پر مبنی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بڑے جاہ و جلال، اعتماد اور تزک و احتشام کے ساتھ پنجاب کے سیاسی و انتظامی معاملات چلا رہے ہیں اور غیر متحدہ اپوزیشن کی الزام تراشیوں اور دشنام طرازیوں کے باوجود آئندہ تین سال بھی پنجاب کی وزارتِ اعلی کا منصب انہی کے پاس رہے گا،