مال روڈ (شہزاد خان) لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے چکی کے آٹے کی قیمت میں تین روپے فی کلوگرام کا اضافہ کر دیا، آج سے صارفین کو چکی کا آٹا 68 روپے فی کلو میں دستیاب ہو گا۔
جنرل سیکرٹری عبدالرحمان نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ کے دوران فی من گندم کی قیمت2100 روپے تک جاپہنچی ہے جس کے باعث مجبوراً آٹے کی قیمت بڑھانا پڑی، شہر کے بعض علاقوں میں چکی کا آٹا 70 روپے تک بھی بیچا جارہا ہے۔شہریوں نے چکی کے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب شہر میں طلب کے مطابق آٹے کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی، آٹے کی روزانہ کی طلب 20 کلوگرام والے اڑھائی لاکھ تھیلے ہیں۔
فلورز ملز ایسوسی ایشن کے مطابق لاہور میں 20 کلو گرام آٹے کے 2 لاکھ تھیلے روزانہ کی بنیاد پر فراہم کیے جارہے ہیں، شہر کی اوپن مارکیٹ کیساتھ ساتھ یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹے کی قلت برقرار ہے۔
فلور ملز کے مطابق حکومت کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھر کی فلورز ملز کو روزانہ 17 ہزار میٹرک ٹن سرکاری گندم دی جارہی ہے، 17 ہزارمیٹرک ٹن گندم کے عوض فلورز ملز 20 کلو آٹے کے 6 لاکھ تھیلے بنا رہی ہیں اور یہ 6 لاکھ تھیلے پورے پنجاب میں سپلائی کیے جارہے ہیں، چند روز تک سپلائی معمول پر آجائے گی۔
دریں اثناء عید الاضحیٰ قریب آتے ہی سبز مصالحہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، ادرک کی چوتھی سنچری، دیسی لہسن اور سبز دھنیا کی ڈبل سنچری مکمل ہوگئی، دیگرسبزیاں بھی سرکاری نرخنامے سے15 سے20 روپے تک مہنگی فروخت ہوتی رہیں۔
اوپن مارکیٹ ادرک 420 سے450 روپے فی کلو تک فروخت ہوتا رہا جبکہ دیسی لہسن کی سرکاری قیمت 180 مگر فروخت 250 فی کلو جاری رہی ۔سبز دھنیا 200 سے250 فی کلوگرام میں فروخت ہوتا رہا، آلو 78 روپے فی کلو، پیاز 35، ٹماٹر درجہ اول کی قیمت 80 روپے مقررکی گئی لیکن ٹماٹر 120 روپے فی کلو میں دستیاب رہا، میتھی 93، سبز مرچ 104 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی۔
سبزی فروشوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخنامہ توجاری کردیتی ہے مگر منڈی میں اسکا اطلاق کرانا بھول جاتی ہے۔شہریوں نے ٹھنڈے کمروں میں براجمان افسروں سے مطالبہ ہے کہ سبزی منڈیوں اور اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخنامے پرعمل درآمد کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔